شیعہ کا مطلب کیا ہے؟

سوال

Answer ( 1 )

  1. جواب

    سلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

    عربی زبان میں شیعہ کے معنی ؟”پیرو کار”کے ہیں ۔ قرآن مجید میں ارشاد ہو تا ہے: "وان من شیعتہ لابراھیم”یعنی جناب ابراھیم ، نوح کے پیروکار تھے۔ مسلمانوں کی اصطلاح میں شیعہ اس گروہ کو کہتے ہیں جس کا یہ عقیدہ ہو کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی رحلت سے پہلے متعدد مواقع من جملہ ۱۸ ذی الحجہ سنہ۱۰ ھ کو غدیر کے موقع پر حضرت علی علیہ السلام کو ایک بڑے مجمع کے سامنے اپنا جانشین بنا دیا تھا ۔ آں حضرت نے اپنے بعد آپ کو علمی ، دینی ،سیاسی امور میں اپنا نائب معین فرمایاتھا۔

    رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد مہاجرو انصار دوگروہوں میں تقسیم ہو گئے تھے

    ۱-ایک گروہ یہ کہتا تھا کہ جانشینی کے مسئلہ کو حضور نے نظر انداز نہی کیا ہے۔ آپ نے حضرت علی علیہ السلام کو اپنا جانشین مقرر کر دیا تھا {یہ وہی علی علیہ السلام ہیں جنھوں نے سب سے پہلے آں حضرت پر ایمان کا اعلان فرمایا تھا}

    اس گروہ میں مہاجر وانصار دونوں شامل تھے ،سر فہرست بنی ہاشم کی تمام بڑی شخصیتوں کا نام آتاہے۔ اس میں بزرگ صحابہ جیسے سلمان ، ابوذر ، مقداد ،حباب بن ارت وغیرہ شامل تھے ۔ یہ حضرات اسی عقیدہ پر باقی رہے اور شیعیان علی علیہ السلام کے نام سے مشہور ہوئے۔ آں حضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی زندگی ہی میں یہ لقب امیرالمومنین کے پیروکاروں کو عطا فرمایاتھا ۔ حضرت علی علیہ السلام کی طرف اشارہ کرتے ہوئےآپ نے فرمایا: ”والذی نفسی بیدہ ان ھذاوشیعتہ لھم الفائزون یوم القیامہ”

    اس ذات اقدس کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے ،یہ {علی علیہ السلام }اور ان کی پیروی کرنے والے

    قیامت کے دن کامیاب ہیں۔

    اس بنا پرصدر اسلام کے ان مسلمانوں کو شیعہ کہا جاتا ہے جو مسئلہ ولایت کے حل کو منصوص من اللہ مانتے تھے۔ وہی افراد شیعہ کے نام سے مشہور ہوئے اور یہ جماعت آج تک وصی کے راستہ اور اہل بیت علیہم السلام کی پیروی پر باقی ہے۔مذکورہ بالا بیان سے شیعوں کی منزلت کا اچھی طرح پتہ لگایا جاسکتا ہے اور اسی بیان سے ان افرادکے بیان کی بھی قلعی کھل جاتی ہے جو جاہل ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ شیعہ بہت بعد کی پیداوارہیں۔شیعوں کی تفصیلی تاریخ معلوم کرنے کے لئے "اصل الشیعہ واصولھا” "المراجعات ” اور "اعیان الشیعہ”کا مطالعہ مفید ہوگا۔

    ۲-دوسرے گروہ کا یہ کہنا تھا کہ خلافت ایک ایسا منصب ہے جو انتخاب سے طے ہوتا ہے۔اسی وجہ سے اس گروہ نے جناب ابوبکر کی بیعت کیاور یہ لوگ اہل سنت یا اہل تسنن کے لقب سے مشہور ہوئے۔بہر حال ، اصول دین کی بہت سی باتوں میں مشترک ہونے کے باوجودمسلمانوں کے دونوں گروہوں کے درمیان پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جانشینی اور خلافت کے مسئلہ میں اختلاف نظر پایا جاتا ہے اور ان دونوں جماعتوں کے ابتدائی افراد مہاجرین وانصار کی جماعت میں موجود تھے۔

جواب دیں۔

براؤز کریں۔